نظریہ پاکستان پر عمل ہی پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے، عبدالمجید ندیم

September 25, 2020

ا بر منگھم (پ ر)نظریہ پاکستان پر عمل ہی پاکستان کی ترقی اور استحکام کا ضامن ہے۔با نی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ پاکستان میں ایک ایسا معاشرہ قائم فرمانا چا ہتے تھے جس کی بنیا د عدل و انصاف پر استوار ہو۔ایک ایسا معاشرہ جس میں مساوات،برابری اور حقوق و فرائض کی پاسداری کا خصوصی لحاظ رکھا جاتا ہو لیکن ستر سال گذرنے کے با وجود قائدِ اعظم ؒ کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا ۔انتہا ئی افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان میں آج بھی سرما یہ داروں ، وڈیروں ، رشوت خوروں اور کرپٹ مافیا کا راج ہے ۔ ان خیالات کا اظہار تحریکِ کشمیر بر طا نیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلا مک سنٹر برمنگھم میں ہفتہ وار پروگرام سے خصوصی خطا ب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہوں نے کہا ’’ آج ہر پارٹی کا سربراہ یہ کہہ رہا ہے کہ میں اور میری پارٹی قائدِ اعظم ؒ کے وژن اور نظریے کو لاگو کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے لیکن ان کے قول و فعل میں زبردست تضاد ہے جس کی وجہ سے پاکستانی معاشرہ اخلاقی ، سما جی ،دینی اور سیا سی لحاظ سے شدید بحران کا شکا ر ہے ۔آج قائدِ اعظم ؒ کے دیے گئے نظریات کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں۔سیا ست میں موروثیت نے نا اہل قیا دت کو رواج دیا ہے جس کی وجہ سے جمہوریت چند خاندانوں کی لونڈی بن کر رہ گئی ہے۔ مفتی عبدا لمجید ندیم نے مزید کہا کہ ’’ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بحیثیت پاکستانی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور قائدِ اعظم ؒ کے بتا ئے ہو ئے اصولوں کی پاسداری کیلئے عملی جدوجہد کریں ۔جب تک کرپٹ افراد کا حقیقی احتساب نہیں ہوتا اور الیکشن اصلاحات حقیقی طور پر نا فذ نہیں ہوتیں، قائدِ اعظم ؒ کا بنا یا ہوا پاکستان اپنی منزلِ مراد تک نہیں پہنچ سکتا ۔ انہوں نے بر طا نیہ میں بسنے والے پاکستانیوں اور کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی نئی نسل کو نظریہ پاکستان ، بانیا نِ پاکستان اور تاریخ ِ پاکستان کے بارے میں آ گہی دیں تا کہ ان کا اپنے ملک سے نظریاتی رابطہ مزید مستحکم ہوسکے ۔