پی ایس ایل کی تمام 6 ٹیمیں پی سی بی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ پہنچ گئیں

September 25, 2020

پی ایس ایل کی تمام 6 ٹیمیں پی سی بی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ پہنچ گئیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ فائیو کے بقیہ 4میچ نومبر میں ہونا ہیں اس سے قبل ہونے والے سنجیدہ نوعیت کے بحران میں تمام چھ فرنچائز پی سی بی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ پہنچ گئی ہیں پہلی سماعت جمعے کو ہوگی۔اربوں کی سرمایہ کاری کرنے والی پی ایس ایل کی ٹیمیں پی سی بی کے خلاف کورٹ میں چلی گئیں .مسلسل نقصان کی شکار پی ایس ایل فرنچائزز نے مالی ماڈل ٹھیک نہ کرنے پر پی سی بی کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیاہےگذشتہ روز لاہور ہائی کورٹ میں وکلا سلمان اکرم راجہ اور احمد بلال صوفی کی وساطت سے تمام فرنچائزز نے مشترکہ کیس دائر کر دیا ہے، عدالت سے مالکان نے استدعا کی کہ گذشتہ 5 برس سے وہ پی ایس ایل میں مالی خسارے کا شکار ہیں جب کہ پی سی بی نے کہا تھا کہ لیگ پاکستان منتقل ہونے سے انھیں فائدہ ہوگا لیکن رواں سال بھی نقصان ہی ہوا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ سن کر حیرت ہوئی ہے کہ چھ فرنچائز نے قانونی جنگ کا راستہ اختیار کرکے عدالت سے رجوع کیا ہے۔پی سی بی نے حال میں فرنچائز مالکان سے دو میٹنگ کی ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ ہم مالکان سے اچھے تعلقات رکھنے کے خواہش مند ہیں ۔پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی تک عدالت کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں ملا ہے اس لئے ہم اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔جمعے کو عدالت میں اپنا موقف دیں گے۔