بیلاروس، صدر لوکاشینکو کی دوبارہ حلف برداری کے خلاف مظاہرے

September 25, 2020

منسک (جنگ نیوز )بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں ہزاروں شہریوں نے صدر الیکسانڈر لوکاشینکو کی ان کے عہدے کی نئی مدت کیلئے حلف برداری کے خلاف احتجاج کیا۔ دوسری جانب یورپی یونین نے الیکسانڈر لوکاشینکو کو بیلاروس کا صدر تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ یونین کے خارجہ امور کے نگران اعلیٰ ترین عہدیدار یوزپ بوریل نے کہا کہ اگست میں ہونے والے جن صدارتی انتخابات کے نتیجے میں لوکاشینکو کی کامیابی کا اعلان کیا گیا، وہ انتخابی عمل اور اس کے بعد اسی ہفتے ان کی دوبارہ صدارتی حلف برداری شفاف جمہوری عمل نہیں تھے۔ بدھ کی شب اس عوامی مظاہرے کے دوران پولیس نے شرکاء کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کیننز استعمال کیں اور درجنوں مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔