رنویر سنگھ نے NCB سے کیا درخواست کردی؟

September 25, 2020

بالی وو ڈرگ کیس میں طلب کی گئی بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون کے شوہر رنویر سنگھ نے تحقیقاتی ادارے سے دپیکا کے ساتھ پیش ہونے کی درخواست کی ہے۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق رنویر سنگھ نے تحقیقاتی ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’دپیکا پڈوکون کے ساتھ اینزائٹی کا مسئلہ ہے اس لیے اُنہیں اجازت دی جائے کہ وہ دپیکا کے ساتھ این سی بی کے دفتر آ سکیں۔‘

رنویر سنگھ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’ وہ ایک قانون کی پاسداری کرنے والے شہری ہیں، وہ سمجھ سکتے ہیں کہ تفتیشی سیشن کے دوران اُنہیں وہاں نہیں ہونا چاہیے مگر وہ این سی بی سے درخواست کریں گے کہ اُنہیں آنے کی اجازت دی جائے کیوں کہ دپیکا کبھی کبھار شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو جاتی ہیں۔‘

دپیکا پڈوکون بھارتی شہر گوا میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، این سی بی کی جانب سے سمن ملنے پر گزشتہ دن رنویر کے ہمراہ ممبئی پہنچی ہیں ۔

واضح رہے کہ این سی بی کی جانب سے بالی ووڈ منشیات کیس میں دپیکا پڈوکون، سارہ علی خان، راکول سنگھ اور شردھا کپور کو منشیات استعمال کیس میں تفتیش کے لیے سمن جاری کیے گئے تھے ۔