سلمان خان ایس پی بالا کی موت پر غمزدہ

September 25, 2020

بھارتی فلم انڈسٹری کے بھائی جان ’سلمان خان‘ کو ایک خبر نے اس قدر غمزدہ کردیا ہے کہ انہوں نے کہا کہ ’یہ سن کر میرا دل ٹوٹ گیا ہے‘۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سلمان خان نے نامور گلوکار ایس پی بالا سبرامنیم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایس پی بالا سر کے بارے میں سن کر میرا دل ٹوٹ گیا ہے ، آپ موسیقی کی غیر متنازع میراث کے باعث ہمیشہ زندہ رہیں گے ،آپ کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں۔

74 سالہ ایس پی بالا سبرامنیم نے سلمان خان کی کئی فلموں میں اپنی دلفریب آواز کا جادو جگایا ہے ،انہیں فلم انڈسٹری میں سلمان خان کی آواز کے طور پر بھی جانا جاتا تھا۔

سلمان خان کو ان کے بیٹے ایس پی چرن کے ذریعے چند روز قبل یہ معلوم ہوا کہ ان کے والد بالا سبرامنیم کی طبیعت بہتر ہورہی ہے تو فلم انڈسٹری کے بھائی جان نے گزشتہ روز ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں سے بھرا پیغام جاری کیا تھا۔

انہوں نے اس پیغام میں مزید کہا کہ میں تمام طاقتور امیدوں کے ساتھ دل کی گہرائیوں سے خواہشمند ہوں کہ آپ جلد صحتیاب ہوجائیں۔

سلمان خان نے یہ بھی کہا کہ آپ نے میرے جتنے بھی گانے گائے خاص طور پر دل دیوانہ، ہیرو، پریم کے لیے آپ کا شکریہ، سر مجھے آپ سے محبت ہے۔

ایس پی بالاسبرامنیم جنہوں نے 16 زبانوں میں 40 ہزار سے گانے گائے اور 6 نیشنل ایوارڈ اپنے نام کیے ،وہ آج چنئی کے اسپتال میں کورونا وائرس سے پیدا پیچیدگیوں کے باعث جان کی بازی ہار گئے ۔

ان کی موت پر فلم انڈسٹری اور سیاست سے وابستہ کئی نامورشخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔