لندن7ارکان پارلیمنٹ کا کنزرویٹیو فرینڈز آف کشمیر گروپ ری۔ لاؤنچ

September 26, 2020

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) برطانیہ کی حکمراں جماعت کنزرویٹیو پارٹی سے تعلق رکھنے والے سات ارکان پارلیمنٹ نے بھارت کے زیر قبضہ کشمیر (آئی او کے) کے لئے حق خودارادیت اور انڈین فورسز کی جانب سے لاکھوں کشمیریوں کو محصور کئے جانے پر روشنی ڈالنے کی امید پر دی کنزرویٹیو فرینڈز آف کشمیر کے نام سے ایک گروپ دوبارہ لائونچ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم جموں وکشمیر کے لئے حق خود ارادیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمہ کی کمپین چلائیں گے۔ کنزرویٹیو ایم پیز اورا رکان میں ہمارے کاز کے لئے سپورٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دی کنزرویٹیو فرینڈز آف کشمیر نے اپنے نئے ٹیوٹر ہینڈل پر کہا ہے کہ ہمیں اور ہمارے کام کا ساتھ دیں۔ آزاد جموں اور کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے گروپ کا خیرمقدم اور اس کے بیان کی توثیق کر دی۔ انہوں نے کہا کہ کنزرویٹیو فرینڈز آف کشمیر ری۔لائونچ کئے جانے پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔آپ کی آوازیں زخمی کشمیریوں کے لئے تاریکی کی ان ساعتوں میں روشی کی کرن کی مانند جگمگا رہی ہیں۔