سندھ حکومت کراچی کا ٹیکس اپنے پاس رکھ لیتی ہے، وسیم اختر

September 26, 2020


کراچی ( ٹی وی رپورٹ)جیوکے مارننگ شو’’ جیوپاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کا ٹیکس اپنے پاس رکھ لیتی ہے جو اختیارات دیئے گئے اس سے عوام کی خدمت نہیں کی جاسکتی ، پارلیمانی سیکریٹری صحت نوشین حامد نےکہا کہ ملک بھر میں 40ملین بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ہدف ہے،سابق سفارتکارشاہد امین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر دنیا نے بہت بے حسی دکھائی ہے،سربراہ زندگی ٹرسٹ شہزاد رائے نے کہا کہ آبادی اس وقت بہت بڑا مسئلہ ہے ،حکومت سندھ کے پاپولیشن ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے تکنیکی مشیر ڈاکٹر طالب لاشاری نے کہا کہ گزشتہ مردم شماری کے مطابق پاکستان کی آبادی پچھلے بیس برسوں میں 60فیصد بڑھی ہے۔سابق میئر کراچی وسیم اختر نے گزشتہ روز کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان ریلی کے مطالبات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں سارا مسئلہ اختیارات کا ہے ، آج میرے جانے کے بعد پورا پاکستان اس بات کی گواہی دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے بھی یہ بات سب جانتے ہیں کہ جو اختیارات کے ایم سی کو دیئے گئے ہیں اس سے کراچی کے عوام کی خدمت نہیں کی جاسکتی، کراچی کے اہم محکمے جن میں واٹر بورڈ ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، ماسٹر پلان، ٹرانسپورٹ وغیرہ موجود ہیں یہ سب سندھ حکومت کے پاس ہیں کے ایم سی کے پاس تو سینیٹری ورکرز بھی نہیں ہیں وہ بھی سندھ حکومت نے لئے ہوئے ہیں۔