محکمہ انٹی کرپشن کی ڈائریکٹرز کانفرنس،14نکاتی ایجنڈازیربحث

September 26, 2020

لاہور (نیوزرپورٹر) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کی زیرصدارت ڈائریکٹرز کانفرنس ہوئی ۔ اجلاس میں اینٹی کرپشن پنجاب میں زیر تفتیش میگا سکینڈلز پر پیش رفت سمیت چودہ نکاتی ایجنڈا زیر بحث آیا- شوگر کمیشن رپورٹ پر پیش رفت اور اب تک کی ریکوری ڈائریکٹرز کانفرنس کے ایجنڈا میں سر فہرست تھی ۔ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے حوالہ سے آٹا سکینڈل پر جاری تحقیقات پر ریجنل ڈائریکٹرز کی جانب سے ڈی جی اینٹی کرپشن کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے کہا کہ شوگر سکینڈل میں ریکوریوں کا سلسلہ خوش آئند ہے ۔ شوگر ملز مالکان کے خلاف گنے کے کاشتکار اب تک تین ہزار سے زائد شکایت اینٹی کرپشن کو جمع کرا چکے ہیں ۔