ڈپٹی کمشنرز کو ہر یکم تاریخ پر ریونیو عوامی خدمت کچہری لگانے کا حکم

September 26, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایت پر کمشنر ملتان ڈویڑن جاوید اختر محمود سرخ فیتہ کلچر کے خاتمے بارے متحرک ہوگئے۔انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مہینے کے پہلے دن ریونیو عوامی خدمت کچہری لگانے کا حکم دے دیا۔کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز،تحصیلدار، سب رجسٹرارقانون گو، پٹواری عملہ لینڈ ریکارڈ عملہ ہر ماہ کے پہلے روز صبح 10 تا دوپہر 3 بجے تک تحصیل آفس موجود رہیں گے۔تحصیل آفس میں انگوٹھے شناخت مشین اور کمپیوٹر،انٹرنیٹ کی سہولت بھی یقینی بنایا جائے جبکہ ریونیو افسران پورے دن کی سروس ڈیلوری رپورٹ ایڈیشنل کمشنر ریونیو کو جمع کروانے کے پابند ہونگے۔ کمشنر جاوید اختر نے کہا کہ وزیراعظم کی اوپن ڈور پالیسی وڑن کے تحت کام تمام سرکاری دفاتر کے دروازے شہریوں کیلئے کھولنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ڈویڑن بھر کے تحصیل دفاتر کا سرپرائز دورہ کریں۔کمشنر نے مزید کہا کہ عوام کیلئے فرد ملکیت اور وراثت کے حصول کا عمل سہل بنایا جائے گا۔