بہائوالدین زکریا مزار ‘تزئین وآرائش میں ناقص مٹیریل کے استعمال کا انکشاف

September 26, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) حضرت بہاء الدین زکریا کے مزار کی مرمت وتزئین و آرائش میں ناقص میٹریل کا استعمال کرنے پر صوبائی وزیر مذہبی امور کا سخت برہمی کا اظہار، محکمہ اوقاف کے افسران کو ٹھیکیدار کے خلاف سخت کارروائی کرنے، بلیک لسٹ کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔تفصیل کے مطابق محکمہ اوقاف کی جانب سے حضرت غوث بہاؤ الدین زکریا ملتانی کے دربار پر چھتوں کی مرمت، فرش پر نئی ٹف ٹائل لگانے سمیت دیگر کاموں کے فنڈ جاری کئے تھے، محکمہ اوقاف کی انجینئرنگ برانچ نے ایک کنسٹرکشن کمپنی کو ایک کروڑ روپے ٹھیکہ دیا تھا جنہوں نے دوماہ قبل کام کا آغاز کرکے بر آمدے کی چھتیں تبدیل اور دربار کے صحن میں نئی ٹف ٹائل لگا دیں،دربار پر ہونے والی مرمت اور تزئین و آرائش کے کام اور لگائے جانے والے میٹریل سے درگاہ کے سجادہ نشین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی مطمئن نہیں تھے اس حوالے سے انہوں نے صوبائی وزیر مذہبی امور سید سعید الحسن شاہ کو شکایت کی جس پر صوبائی وزیر نے اوقاف انتظامیہ اور صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کے ہمراہ دربار کا دورہ کیا، تعمیراتی کا م کا جائزہ لیکر ٹھیکیدار کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔