حکومت نے ہمیں تقسیم کرنے کے سوا کچھ نہیں دیا، سرائیکی پارٹی

September 26, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان سرائیکی پارٹی کے ڈپٹی چیئر مین علامہ اقبال وسیم،سیکرٹری اطلاعات ملک جاوید ایڈوکیٹ،لائز ونگ کے صدر ملک محمد نعیم اقبال ایڈوکیٹ،ضلعی صدر جام یاسر ایڈوکیٹ نے بہاول پور بار ایسوسی ایشن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بدیانتی کی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے، ڈھائی سال گزرنے کے باوجود سرائیکی قوم کو دو سیکرٹریٹ میں تقسیم کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا اگر گلگت بلتستان کے صوبے کے حوالے سے آئینی ترامیم کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے تو سرائیکی قوم کے دیرینہ مطالبہ یعنی صوبہ سرائیکستان کے قیام کے لیے موجودہ اسمبلی میں بل کیوں نہیں پیش کیا جاتا۔پارٹی رہنماؤں نے نواز لیگ کے دوہرے معیار کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ملتان بار سے احسن اقبال کے بیان کہ جنوبی پنجاب صوبہ کا بل اسمبلی میں لایا جائے ہم حمایت کریں گے، نواز لیگ ملتان میں آکر کچھ بیان دیتی ہے اور بہاول پور میں آکر بہاول پور صوبے کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر (ن) لیگ سرائیکی صوبے کے لیے سابقہ اسمبلی میں بل پیش کرتی تو آج صوبہ سرائیکستان بن چکا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور میں سیکرٹریٹ کے قیام سے سرائیکی خطے کے عوام کے مسائل میں اضافہ ہوگا اگر سیکرٹریٹ بنانا ہی تھا تو اس کے لیے پہلے سرائیکی علاقے کے عوام سے رائے شماری کرائی جاتی تو حقائق مختلف آتے۔