میڈیا و سوشل میڈیا کی استعدادکار میں اضافےکیلئے دوروزہ میڈیا ورکشاپ

September 26, 2020

پشاور (نیوز ڈیسک) الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخواکے تحت صوبہ بھر کے ذمہ داران میڈیا و سوشل میڈیا کی استعدادکار میں اضافے اورذرائع ابلاغ کے جدید ٹولزکے بہتر استعمال کے حوالے سے دوروزہ میڈیا ورکشاپ مرکز الاسلامی پشاور میں الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سینٹر مشتاق احمد خان مہمان خصوصی تھے۔ورکشاپ کے پہلے روز پرنٹ و الیکٹرانکس میڈیا کے بہتر استعمال،پریس ریلیز،بلاگنگ،میڈیا ریلشن شپ اور سوشل میڈیا کی اہمیت کے موضوعات پرپشاور اور ملک کے معروف صحافیوں یوسف علی،شاہد حمید،لحاظ علی،ودودجان،ممتاز بلاگرمحمد اسماعیل،فرخ شہباز وڑائچ اور شفیق گیگیانی نے خصوصی لیکچرز دیئے۔ میڈیا ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص اور مہمان خصوصی سینٹر مشتاق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی اہمیت ہر دور میں مسلمہ رہی ہے لیکن دور جدید میں صحافت کے میدان میں تیزی سے بدلتے رجحانات اورذرائع ابلاغ کے نت نئے ٹولزکابہتر استعمال کرکے خدمت خلق کی سرگرمیوں کو زیادہ بہتر اور مربوط بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے الخدمت کے ہرسطح کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ خود کو میڈیا کے جدیدمیڈیمز سے آراستہ کریں تاکہ زیادہ منظم انداز میں خدمت انسانیت کے مشن کو آگے بڑھایا جاسکے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا میں نمایاں خدمات پر مختلف اضلاع کے ذمہ داران کو یادگاری شیلڈز اور شرکائے ورکشاپ میں اسناد بھی تقسیم کئے۔