بے منزل پرواز کے ٹکٹ 10 منٹ میں فروخت

September 26, 2020


آسٹریلوی فضائی کمپنی قنٹاس نے فضائی سفر پر جانے کیلئے بےچین افراد کےلیے بے منزل پرواز کا اعلان کردیا۔

کورونا وائرس کے باعث بیشتر ممالک نے سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جس کے باعث سفر کرنے کے شوقین افراد شدید مضطرب ہیں، ایسے ہی افراد کو دیکھتے ہوئے آسٹریلوی فضائی قنٹاس نے ایسی پرواز کا آغاز کیا ہے جس کی کوئی منزل نہیں ہوگی اور وہ کئی گھنٹے کی پرواز کے بعد واپس اسی مقام پر آکر رکے گی جہاں سے طیارے نے اڑان بھری تھی۔

قنٹاس ایئرلائن کے بے منزل طیارے کے ٹکٹ 10 منٹ میں فروخت ہوگئے۔

ایئرلائن کی جانب سے پہلی پرواز 10 اکتوبر کو سڈنی سے اڑان بھرے گی جو 7 گھنٹے تک ملک کے خوبصورت اور تفریحی مقامات کے نظارے کروانے کے بعد مسافروں کو واپس سڈنی ایئرپورٹ پر لے آئے گی۔

ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں 134 مسافر سوار ہوسکیں گے کیونکہ ان کے درمیان سماجی دوری برقرار رکھی جائے گی۔