جھانوی کپور بھی سجل علی کی خوبصورتی سے مُتاثر

September 26, 2020

بالی ووڈ کی ورسٹائل اداکارہ سری دیوی کی صاحبزادی جھانوی کپور بھی پاکستان فلم و ٹی انڈسٹری کی پُرکشش اور باصلاحیت اداکارہ سجل علی کی خوبصورتی سے مُتاثر ہوگئیں۔

ہر دلعزیز سجل علی کی بات کریں تو یہ پاکستان کی وہ اداکارہ ہیں جن کی خوبصورتی اور حیرت انگیز اداکاری کے چرچے ناصرف پاکستان میں ہیں بلکہ سرحد پار بھی بالی ووڈ اداکارہ سجل کی خوبصورتی کی تعریف کرتی نظر آرہی ہیں جس کا اندازہ سجل علی کی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ سے لگایا جاسکتا ہے۔

سجل علی نے ماضی کے کچھ قیمتی لمحات کو یاد کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی کچھ تصاویر پوسٹ کیں جن میں وہ سیاہ رنگ کی ٹی شرٹ میں ملبوس ہیں جبکہ اُن کے چمکتے بال اُن کی تصاویر کو مزید دلکش بنا رہے ہیں۔

تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے سجل علی نے کیپشن میں لکھا کہ ’ماضی کی خوبصورت اور قیمتی یادیں۔‘

اداکارہ نے اپنے اس کیپشن میں دل والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا۔

سجل علی کی تصویر پر سری دیوی کی بیٹی اور نامور بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے تبصرہ کرتا ہوئے تین دل والے ایموجی بنائے۔

جھانوی کپور کا کمنٹ دیکھنے کے بعد یہ واضح ہو رہا ہے کہ وہ بھی سجل کی خوبصورتی سے مُتاثر ہیں۔

دوسری جانب دو روز قبل جھانوی کپور نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے نئے برائیڈل فوٹو شوٹ کی تصاویر پوسٹ کیں۔

جھانوی کپور کی تصاویر پر کمنٹ کرتے ہوئے سجل علی نے لکھا کہ ’خوبصورت‘ اور اس کے ساتھ ہی اُنہوں نے بوسہ دینے والے ایموجی کا اضافہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ سجل علی نے بالی ووڈ فلم ’موم‘ میں ورسٹائل اداکارہ سری دیوی کے ساتھ کام کیاتھا، فلم ’موم‘ 7 جولائی 2017 کو ریلیز ہوئی تھی۔

اس فلم کی ہدایت کاری روی ادیاور نے انجام دی تھی جبکہ فلم کے مرکزی کرداروں میں بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ سری دیوی، اداکار اکشے کھنّہ، نوازالدین صدیقی، سجل علی اور اداکار عدنان صدیقی شامل ہیں۔