سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی آسانی کے لیے نئی ایپ متعارف

September 26, 2020

عالمی وبا کورونا وائرس کے بعد بحال ہونے والے عمرہ کیلئے سعودی عرب نے زائرین کی آسانی کیلئے نئی ایپ ’اعتمرنا‘ متعارف کروا دی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کے لیے ابتدائی مرحلے کا آغاز ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے شروع کیا جائے گا۔

سعودی عرب کی وزارت حج کے چیف پلاننگ اینڈ اسٹریٹجی آفیسر ڈاکٹر عمرالمدہ کا کہنا ہے کہ’ حکام کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی عمرہ ایپ ’اعتمرنا‘ ناصرف کاروبار میں مسابقت کا ماحول پیدا کرے گی بلکہ زیارت مقدسہ کے تجربے کو بھی خوشگوار بنائے گی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’جب کمپنیاں معیاری خدمات کم قیمت پر فراہم کرتی ہیں مقامی زائرین کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے سخت محنت کرتی ہیں تو زائرین ان کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ’ بیرونی ایجنٹس جو عمرے سے متعلق سب کچھ کنٹرول کرتے تھے اب ایسا نہیں کر سکیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ایجنٹوں کا کام تو صرف عمرہ کمپنوں کی نمائندگی اور انہیں مملکت کے باہر مارکیٹ کرنا ہے۔

عمرالمدہ نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور اب عمرہ کمپنوں اور ان کے بیرونی ایجنٹوں کے درمیان تعلقات صرف مارکیٹنگ تک محدود ہوں گے۔

خیال رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے مرحلہ وار عمرہ میں ابتدائی طور پر روزانہ کی بنیاد پر چھ ہزار افراد کو مختلف اوقات میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

ہر گروپ کے لیے ایک ہزار معتمرین کو موقع فراہم کیا جائے گا اور اس طرح مخصوص ایپ کے ذریعہ یومیہ 6 گروپ ترتیب دیے جائیں گے۔

چار اکتوبر سے عمرہ مرحلہ وار بحال کرنے کا اعلان

سعودی عرب نے 4 اکتوبر سے عمرہ اور زیارت کے لئے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو اجازت دے دی۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق عمرہ مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں شہریوں اور مملکت میں مقیم 6 ہزار افراد کو 4 اکتوبر سے عمرہ ادائیگی کی اجازت ہوگی۔ دوسرا مرحلہ 18 اکتوبر اور تیسرا مرحلہ یکم نومبر سے شروع ہوگا۔

بیرون ملک سے معتمرین کو یکم نومبر سے عمرہ کی اجازت ہوگی، اُس وقت روزانہ کی بنیاد پر تعداد 20 ہزار تک بڑھائی جائے گی جبکہ 60 ہزار افراد کو مسجدالحرام میں نماز ادا کرنےکی اجازت ہوگی۔

سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چوتھے مرحلے میں عمرہ، زیارت اور نمازوں کی سو فیصد اجازت ہو گی، یہ اجازت اس وقت دی جائے گی جب متعلقہ حکام وبا کے خطرات ختم ہونے کا فیصلہ کرلیں گے۔