کنگنا رناوت انوشکا شرما کی حمایت میں بول پڑیں

September 26, 2020

بھارت کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت بھی ساتھی اداکارہ انوشکا شرما کی حمایت میں بول پڑیں۔

کنگنا نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں انوشکا کی حمایت تو کی لیکن ساتھ ہی طنزیہ لہجہ بھی اپنایا۔

انہوں نے ہیش ٹیگ ’انوشکا شرما‘ کا استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’انوشکا آپ تب خاموش رہیں جب مجھے دھمکیاں اور گالیاں دی گئیں۔‘

کنگنا نے لکھا کہ ’آج وہی رویہ آپ کے ساتھ اختیار کیا جارہا ہے تو میں کھل کر اس کا اظہار کروں گی اور مذمت بھی کروں گی۔‘

اداکارہ نے سنیل گواسکر کے بیان کو بھی غیر منصفانہ قرار دیا اور موقف اختیار کیا کہ انہیں نیشنل ٹی وی پر کمنٹری کے دوران اس طرح کی بات نہیں کرنی چاہئے تھی۔

خیال رہے کہ سابق بھارتی کپتان اور ماضی کے عظیم اوپننگ بیٹسمین سنیل گواسکر نے ایک روز قبل آئی پی ایل کے تحت رائل چیلنجرز بنگلور اور کنگ الیون پنجاب کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران کمنٹری کے دوران رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان ویرات کوہلی کی خراب پرفارمنس کو ان کی اہلیہ انوشکا شرما سے جوڑا تھا۔

بالی ووڈ کی اداکارہ انوشکا شرما نے سنیل گواسکر کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ میرے دل میں آپ کے لیے بہت احترام اور محبت ہے، اور میں یہ وضاحت چاہتی ہوں کہ آپ ایسا کیوں سمجھتے ہیں؟ ایک بیوی اپنے شوہر کی خراب پرفارمنس کی ذمہ دار ہے؟

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ سالوں سے آپ نے کرکٹ کمنٹری کے دوران تمام کرکٹرز کی ذاتی زندگی کے معاملات کا احترام کیا، کیا آپ اسی طرح کا احترام اور حق مجھے یا ہمیں (انوشکا اور ویرات) دینے کا نہیں سوچتے؟

انوشکا نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ کے ذہن میں گزشتہ شب میرے شوہر کی کارکردگی کے حوالے سے بہت سے دوسرے الفاظ اور جملے ہونگے تو پھر میرا نام استعمال کرنا مناسب تھا؟

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ہے اور چیزیں مجھے تبدیل نہیں کرسکتیں، مجھے کرکٹ کے معاملات میں اور اس قسم کے بیانات دینے میں شامل نہ کیا جائے تو بہتر ہوگا۔

محترم گواسکر صاحب آپ ایک لیجنڈ ہیں اور اس شرفاء کے کھیل میں آپکا نام بہت بلندی پر ہے، میں آپکو صرف یہ بتانا چاہتی تھی کہ میں نے اس وقت کیا محسوس کیا جب میں نے آپکو اپنا نام لیتے سنا۔

یاد رہے کہ کوہلی نے کنگ الیون پنجاب کے دو کھلاڑیوں کے کیچز ڈراپ کیے جسکے نتیجے میں کنگ الیون پنجاب کے کپتان کے ایل راہول کو موقع ملا کے وہ ایک بڑی سنچری اسکور کرسکیں، جس سے ان کی ٹیم نے ایک بڑا مجموعہ ترتیب دیا جبکہ رائل چیلنجر کے کپتان کوہلی بیٹنگ میں بھی ناکام رہے۔