میں نے کبھی منشیات استعمال نہیں کی، کرن جوہر

September 26, 2020

بھارتی فلمساز کرن جوہر نے منشیات استعمال کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ تو منشیات استعمال کرتے ہیں اور نہ ہی اس کے استعمال کو فروغ دیتے ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کرن جوہر نے اپنا ایک طویل بیان جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’کچھ میڈیا چینلز، اخبارات اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میرے متعلق جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں کہ میں نے 2019 میں ایسی تقریب کی میزبانی کی تھی جس میں کُھلے عام منشیات کا استعمال کیا گیا تھا جبکہ میں نے 2019 میں ہی ان جھوٹی خبروں کی تردید کردی تھی۔‘


کرن جوہر نے اپنے انسٹاگرام بیان میں کہا کہ ’موجودہ بدنیتی پر مبنی مہم کے پیشِ نظر، میں اس بات کا اعادہ کر رہا ہوں کہ یہ الزامات بالکل بے بنیاد اور جھوٹے ہیں کیونکہ تقریب میں کسی بھی قسم کی کوئی منشیات استعمال نہیں کی گئی تھی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں ایک بار پھر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں منشیات کا استعمال نہیں کرتا اور نہ ہی میں نے کبھی منشیات کے استعمال کو فروغ دیا اور نہ اس کی حوصلہ افزائی کی۔‘

بھارتی فلمساز نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ان بے بنیاد الزامات کی بناء پر مجھے اور میرے اہلخانہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اُنہوں نے اپنے بیان میں اُن دو لوگوں کے بارے میں بھی بتایا جنہیں کرن جوہر کا قریبی ساتھی قرار دیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ کرن جوہر ان دونوں کے ساتھ منشیات میں ملوث ہیں۔

کرن جوہر نے کہا کہ ’میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ متعدد میڈیا نیوز چینلز ان خبروں کو نشر کرتے رہے ہیں کہ کشتیج روی پرساد اور انوبھو چوپڑا میرے قریبی ساتھی ہیں جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ میں ان دونوں افراد کو ذاتی طور پر نہیں جانتا۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’میں مزید یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ انوبھو چوپڑا ’دھرما پروڈکشن‘ میں ملازم نہیں ہیں بلکہ وہ جنوری 2013 میں شارٹ فلم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے صرف دو ماہ کے لیے ہم سے وابستہ رہے تھے، اس کے بعد ہم سے اُن کا کوئی رابطہ نہیں ہوا۔‘

کرن جوہر کا مزید کہنا تھا کہ ’کشتیج روی پرساد نومبر 2019 میں دھرما پروڈکشن میں شامل ہوئے لیکن اُن سے جس کام کا معاہدہ کیا گیا تھا وہ کام اپنے انجام تک نہ پہنچ سکا۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے تقریب میں کُھلے عام منشیات کا استعمال کرنے پر بھارتی پروڈیوسر اور ہدایتکار کرن جوہر سمیت دیگر اداکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔