سارہ علی خان اور شردھا کپور کی منشیات استعمال کرنے کی تردید

September 26, 2020

بالی ووڈ منشیات کیس کی تحقیقات کے دوران بھارتی اداکارہ سارہ علی خان اور شردھا کپور نے منشیات کا استعمال کرنے سے انکار کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان اور شردھا کپور نے منشیات کیس سے متعلق تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے کبھی منشیات استعمال نہیں کی۔

دوسری جانب بھارتی فلم انڈسٹری کی صفِ اول اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی دورانِ تفتیش اس بات کا اعتراف کرلیا ہے کہ اُنہوں نے اپنی مینیجر کرشمہ پرکاش سے منیشات کے متعلق واٹس ایپ پر گفتگو کی تھی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس وقت بھی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی تحقیقاتی ٹیم دیپیکا پڈوکون سے پوچھ گچھ کر رہی ہے جبکہ این سی بی آفس کے باہر اضافی سیکیورٹی تعینات کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ منشیات کیس کی تحقیقات کا آغاز آج صبح ممبئی میں ہوا تھا، دیپیکا پڈوکون اور شردھا کپور آج صبح ممبئی کے کولابا ایولین گیسٹ ہاؤس پہنچ گئی تھیں جہاں پوچھ گچھ کے لیے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی موجود تھی جو ان اداکاراؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔