انوشکا، گواسکر لڑائی: روہن بھی والد کے حق میں سامنے آگئے

September 26, 2020

بالی ووڈ اور کرکٹ کی لڑائی مزید بڑھنے لگی ہے جہاں سابق کرکٹر سنیل گواسکر کے بیٹے بھی اپنے والد کے حق میں بول پڑے۔

چند روز قبل ہی بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل کے ایک میچ میں کمنٹری کے دوران لیجنڈری کرکٹر اور سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے ویرات کوہلی کی کارکردگی کو ان کی نجی زندگی کے ساتھ اپنے تبصرے کا حصہ بنایا۔

اس پر اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے مداحوں نے سنیل گواسکر کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ انوشکا شرما بھی ان کے بیان پر برہم تھیں۔

سنیل گواسکر نے ایک بھارتی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے اس تبصرے کی صفائی پیش کی اور کہا کہ یہ تبصرہ اداکارہ کے خلاف نہیں تھا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اب سنیل گواسکر کے بیٹے نے اپنے والد کے حق میں ایک مبہم ٹوئٹ کیا جو مبینہ طور پر انوشکا شرما سے متعلق ہی سمجھا جارہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں سابق بھارتی کرکٹر روہن گواسکر نے چند لفظوں پر مشتمل ایک امیج شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ ’میں چاکلیٹ سے محبت کرتا ہوں‘، ساتھ میں یہ بھی لکھا کہ ’دوبارہ پڑھ لیں۔ اس طرح آپ اپنے امتحان میں ناکام ہوتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان میچ کے دوران سنیل گواسکر نے ناقص پرفارمنس پر ویرات کوہلی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

سنیل گواسکر نے کہا تھا کہ ’اب جو لاک ڈاؤن تھا تو انھوں (ویرات) نے صرف انوشکا کے ساتھ بولنگ پریکٹس کی ہے، اس سے تو کچھ بھی نہیں بننا۔‘

اس پر انوشکا شرما نے سنیل گواسکر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ میرے دل میں آپ کے لیے بہت احترام اور محبت ہے، اور میں یہ وضاحت چاہتی ہوں کہ آپ ایسا کیوں سمجھتے ہیں؟ ایک بیوی اپنے شوہر کی خراب پرفارمنس کی ذمہ دار ہے؟

اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ہے اور چیزیں مجھے تبدیل نہیں کرسکتیں، مجھے کرکٹ کے معاملات میں اور اس قسم کے بیانات دینے میں شامل نہ کیا جائے تو بہتر ہوگا۔

بعدازاں سنیل گواسکر نے مقامی میڈیا سے گفتگو کے دوران انوشکا شرما کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے کسی بھی طرح انوشکا پر الزام نہیں لگایا۔

انھوں نے سوال کیا کہ ’میں کہاں غلط ہوں؟ میں نے صرف اُس ویڈیو کا حوالہ دیا جس میں انوشکا ویرات کو بولنگ کروا رہی ہیں، ویرات نے لاک ڈاؤن کے دوران صرف اُسی ٹینس گیند کا سامنا کیا، جس سے ہم تفریح کے لیے کھیلتے ہیں، میں نے یہاں ویرات کی ناکامی کا ذکر کہاں کیا؟