برطانیہ میں کورونا کی دوسری لہر نے خطرے کی گھنٹی بجادی، لندن کو لاک ڈاؤن واچ لسٹ میں ڈال دیا گیا

September 27, 2020

راچڈیل (ہارون مرزا)برطانیہ میں کورونا وائر س کی دوسری ابھرتی ہوئی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، انفیکشن کی شرح میں تیزی کے ساتھ اضافے اور ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھتے ہی لندن شہر کو لاک ڈائون واچ لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ لیڈز میں بھی آج سے پابندیاں مزید سخت کیے جانیکی توقع ہے،مغربی یارک شائر کے تین اضلاع میں پہلے ہی عوام پر گھریلو پابندیاں بھی عائد کی جا چکی ہیں وزیر اعظم بورس جانسن کی طرف سے کورونا انفیکشن میں اضافے کے بعد عائد ہونیوالی نئی پابندیوں سے عوام میں کھلبلی مچ گئی اور لوگ افراتفری کا شکار نظر آتے ہیں، انگلینڈ کے مختلف علاقوں میں انفیکشن کی شر ح بڑھتے ہی واچ لسٹ میں رکھ کر کڑی نگرانی کا عمل جاری ہے اعدادو شمار کے مطابق برطانیہ کے دار الحکومت لندن میں کورونا کے 620نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد انفیکشن کی شرح میں دو گنا اضافہ ظاہر کیا جا رہا ہے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تعداد ایک ہفتے میں تین گنا بڑھی ہے لندن سمیت 32شہروں کی نمائندگی کرنیوالی تنظیم کراس پارٹی کے رہنمائوں نے صور تحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن میں انفیکشن کی شرح میں تیزی سے اضافے کے باوجود اضافی اقدامات نہیں کیے جا رہے عوام کو وائرس سے بچانے کیلئے وسیع پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے لوگوں کو گھروں تک محدود کرنے سے کورونا ختم نہیں ہوگا حکومت کو وسائل کی دستیابی کو وسیع اور کورونا انفیکشن روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے کی ضر ورت ہے یہ امر قابل ذکر ہے کہ واچ لسٹ کا تعین سیکرٹری صحت میٹ ہینکوک نے چیف میڈیکل آفیسر ، این ایچ ایس ٹیسٹ اینڈ ٹریس ، جوائنٹ بایوسیکیورٹی سنٹر اور پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے ذمہ داروں سے باہمی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے انفیکشن میں اضافے کے بعد نئی پابندیوں کے تحت بارز ‘ ریستوران ‘ پب وغیرہ رات دس بجے کے بعد خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ مستقبل قریب میں پابندیاں سخت ہوتی دیکھائی دے رہی ہیں ۔