برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے دفاتر کے اندر بھی ماسک کے استعمال کی تجویز

September 27, 2020

راچڈیل (ہارون مرزا)برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن بی ایم اے نے کورونا وائرس کی دوسری ممکنہ لہر کو روکنے کیلئے دفاتر کے اندر بھی چہرے پر ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کی تجویز پیش کی ہے، برطانیہ کے معروف ماہرین صحت نے بھی بی ایم اے کی تجویز کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے کہا ہے کہ چہرے پر ماسک کا استعمال کورونا وائر س کو روکنے میں انتہائی معاون ہے، تازہ ترین پابندیوں میں شہریوں کو چہرے پر ماسک کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ دوکانیں ‘ ریستوران ‘ پبس وغیرہ کیلئے بھی نئے اوقات کار جاری کر دیے گئے ہیں، ڈاکٹروں کی تنظیم کی طرف سے متنبہ کیا گیا ہے کہ دفاتر کے اندر بھی غیر محفوظ رویہ وائرس کے پھیلائو کا ذریعہ بن سکتا ہے آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے کہا ہے کہ حالات سے گھبرانے کی بجائے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہمیں دوسرے لاک ڈائون کی طرف نہ جانا پڑے، لندن اسکول آف ہائجن میں متعدی مرض کے ماہر پروفیسر جان ایڈمنڈس نے متنبہ کیا ہے کہ مارچ میں جلد سے جلد کارروائی نہیں کی گئی تھی جس کے نتائج بھیانک نکلے اس غلطی کو دوہرانے کے متحمل نہیں ہو سکتے، یونیورسٹی کالج لندن کے ہیلتھ ماہر نفسیات اور ایس ای جی کے ممبر پروفیسر رابرٹ ویسٹ نے کا ہے کہ موثر اقدامات انفیکشن کو روکنے میں مدد دیں گے، ڈاکٹر ناگ پال نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لوگوں کی ملازمت والے مقامات کو زیادہ سے زیاہ محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کرنیکی ضرورت ہے تاکہ معیشت کو پہیہ چلتا رہے۔