جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس میں جنوبی کوریا کے پاپ بینڈ بی ٹی ایس کاامید کا پیغام

September 27, 2020

نیویارک (این این آئی)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس میں جنوبی کوریا کے پاپ بینڈ بی ٹی ایس نے امید کا پیغام جاری کیا۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی 75ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ورچوئل اجلاس 21 ستمبر سے شروع ہو چکا ہے ،اجلاس میں تمام عالمی رہنماؤں کے خطاب کو ورچوئلی پیش کیا جائے گا جس میں آپسی تعلقات کو مضبوط کرنے اور کور ونا وائرس کے باعث بڑھتے ہوئے عالمی بحران پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق بی ٹی ایس کا مذکورہ ویڈیو پیغام پہلے سے ریکارڈ شدہ تھا جسے اقوام متحدہ کے ادارے بین الاقوامی چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کی جانب سے جاری کیا گیا تھا۔ویڈیو پیغام میں بی ٹی ایس کے اراکین نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث نافذ کیے گئے لاک ڈاؤنز کے دوران اپنی کوششوں کو بیان کیا جس میں انہوں نے مداحوں کو مثبت رہنے کی ترغیب دی۔کورین بینڈ کا یہ پیغام انگریزی اور کورین زبانوں میں جاری کیا گیا تھا۔بی ٹی ایس کے لیڈر آر ایم نے کہا کہ آئیں ہم اپنی دنیا کا ایک نیا تصور کریں، ایسا محسوس ہوسکتا ہے کہ رات ہمیشہ کے لیے ہے اور ہم ہمیشہ تنہا رہیں گے تاہم صبح کی پہلی کرن سے پہلے رات ہمیشہ تاریک ہوتی ہے۔کورین بینڈ کے رکن جنگکوک نے اپنی مقامی زبان میں کہا کہ اگر ہم آوازیں لوگوں کو طاقت دیتی ہیں تو پھر ہم یہی چاہتے ہیں اور ایسا کرتے رہیں گے۔