بھارت مستقبل میں طالبان سے مذاکرات کا خواہاں ہے، امریکی میگزین

September 27, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) دو برس قبل افغان امن عمل کے آغاز سے عام تاثر یہی رہا ہے کہ ان مذاکرات میں بھارت کا کردار زیادہ اہم نہیں ہوگا۔امریکی میگزین کے مطابق 12 ستمبر کو بین الافغان مذاکرات کی افتتاحی تقریب میں بھارتی وزیرخارجہ سبھرامانیم کی موجودگی اس بات کی غمازی ہے کہ اب یہ تاثر تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور بھارت اس حوالے سے اپنے رویے میں بتدریج تبدیلی لارہا ہے۔ مذاکرات کے افتتاحی سیشن میں ان کی موجودگی کا مطلب ہے کہ بھارت مستقبل میں طالبان سے براہ راست مذاکرات کا خواہاں ہے جو اس سے قبل نہیں ہوئے۔ دوحہ میں ہونے والے اس تاریخی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیرخارجہ نے کہا کہ ان کا ملک بین الافغان مذاکرات کا ابتدائی روز سے حامی رہا ہے جس کا کنٹرول بھی افغان فریقین کے پاس ہو۔