وفاق اور سندھ حکومت نے کراچی کا استحصال کیا، سراج الحق

September 27, 2020


امیرِ جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے 14 اکتوبر کو ملک بھر میں یومِ یکجہتی کراچی منانے کا اعلان کر دیا۔

شاہراہ قائدین پر کراچی حقوق مارچ کے شرکاء سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں میں تمام زبانیں بولنے والے لوگ رہتے ہیں، پی پی کی صوبائی اور پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے میگا سٹی کا استحصال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا لیکن اس نے لوگوں کو بے روزگاری، بجلی، گیس اور پانی کی بندش دی۔

امیرِ جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ شہری حکومت کو بحال اور اختیارات دیے جائیں، عدل اور انصاف کی بنیاد پر نوکریاں دی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کے لیے پرانے مستری لائے گئے، بی آر ٹی منصوبے کی بسوں نے بھی کہہ دیا کہ ہم میں چلنے کی ہمت نہیں، نیب کو احتساب کے لیے انتقام کے تحت چلایا جارہا ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ لوگ جائز کام کے لیے بھی رشوت دینے پر مجبور ہیں، اس حکومت کی ایک ہی پالیسی ہے کہ عوام کو نچوڑا جائے، وزیرِاعظم کہتے ہیں دوا عوام کو مل جائے اس لیے مہنگی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء بھی مختلف محاذوں پر حکومتی ناکامی کا اعتراف کرتے ہیں، شیخ رشید کہتے ہیں ہماری حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کیا، شیریں مزاری اور اسد عمر کہہ چکے کہ کشمیر کا مسئلہ ہم نے خراب کیا۔