سینئر پوسٹ ماسٹر خاتون پر مبینہ تشدد، ملزم ضمانت پر رہا

September 27, 2020

ساہیوال میں سینئر پوسٹ ماسٹر خاتون پر مبینہ تشدد کے ملزم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما کو عدلت نے ضمانت پر رہا کر دیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما نوید اسلم پر 24 ستمبر کو خاتون پوسٹ ماسٹر صوفیہ قاسم پر مبینہ تشدد کا الزام ہے۔

ساہیوال کی سینئر پوسٹ ماسٹر خاتون صوفیہ قاسم نے الزام عائد کیا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما نوید اسلم نے دفتر میں آکر انہیں تھپڑ مارے۔

خاتون کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم نوید اسلم کو گرفتار کر لیا تھا، تاہم دوسرے دن ملزم کی ضمانت ہوگئی۔

متاثرہ خاتون کے مطابق پولیس نے مقدمے میں درست دفعات نہیں لگائیں جس کا ملزم کو فائدہ ہوا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے وفاقی محتسب برائے حقوق خواتین کشمالہ طارق سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔