نواز شریف کے بیانیے کو پارٹی اون کرتی ہے، احسن اقبال

September 27, 2020


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پارٹی اپنے قائد نواز شریف کے بیانیے کو اون کرتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ میں کوئی نظریاتی اختلاف نہیں ہے، پارٹی میں رائے دینے کا اختیار ہر کسی کو ہے لیکن فیصلے پر تمام ہی لوگ عمل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اس حال میں ہے تو ہم سب جوابدہ ہیں، ہمیں جمہوری جہدوجہد کرنی ہے، ملک میں آئین کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ہم اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک شروع کر رہے ہیں۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ حکومتی رہنما جس درجے کی سیاست کرتے ہیں وہ سب کے سامنے ہے، حکومتی لوگ اگر خاتون رکن اسمبلی کی کردار کشی کرتے ہیں تو میں مذمت کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں خاتون رہنما کو بھی شامل کیا گیا ہے۔