پارکوں کی صفائی ستھرائی، تزئین و آرائش اور شجرکاری شروع

September 28, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ فریئر ہال سے کراچی کے بڑے پارکوں کی صفائی ستھرائی، تزئین و آرائش اور شجر کاری کا کام شروع کردیا گیا ہے، یہ کام شہریوں، سول سوسائٹی اور مختلف اداروں کے تعاون سے مکمل کئے جائیں گے، یہ بات انہوں نے فریئر ہال پارک کی صفائی ستھرائی اور کچرا اٹھانے کے آغاز کے موقع پر کہی، جرمنی، جاپان اور دیگر ملکوں کے سفارت کار، سول سوسائٹی کی ممتاز شخصیات، معروف آرکیٹیکٹ یاسمین لاری، شوکت کورائی، ماہین عثمانی، ڈاکٹرنسیمہ ڈائریکٹر جنرل پارکس طحہٰ سلیم، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس خورشید شاہ، کونسل آف لائبریری کے سلطان خلیل، عابد رضا کے علاوہ شہریوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور تمام شخصیات نے فریئر ہال میں جھاڑو لگائی اور کچرا چنا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کراچی کو اگر صاف ستھرا رکھنا ہے تو شہریوں کو خود خیال رکھنا ہوگا، کراچی اگر صاف ستھرا ہوگاتو بیرون شہر اور دنیا کے دیگر ممالک سے لوگ یہاں آئیں گے کیونکہ یہ شہر تاریخی اور ثقافتی ورثے کا حامل ہےفریئر ہال کی عمارت میں تجاوزات کو ہٹا دیا گیا ہے اور اس عمارت کو اصل حالت میں بحال کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ قومی ورثے کی حامل تاریخی عمارات میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔