کسی بھی صورت میں فرقہ وارانہ تصادم نہیں چاہتے، مفتی منیب الرحمٰن

September 28, 2020

کراچی (اسٹاف رپوٹر) مفتی منیب الرحمٰن نے دارالعلوم نعیمیہ میں اَئمہ وخطباء اور اہلسنّت کے دینی مدارس کے ذمے داران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم کسی بھی صورت میں ملک میں فرقہ وارانہ تصادم نہیں چاہتے اور نہ اپنے عقائد پر مفاہمت کریں گے۔ انہوں نے علماء سے خطاب کرتے ہوئے کہاآپ اپنا موقف دلیل اور استدلال کے ساتھ پیش کریں ، ہمارا کیس مضبوط ہے ، لیکن اپنا موقف پیش کرنے میں جذبات سے مغلوب نہیں ہونا چاہیے ، بے احتیاطی میں ایسے کلمات زبان سے نکل جاتے ہیں جو قابلِ گرفت ہوتے ہیں ۔ کراچی کی ʼʼناموسِ رسالت و ناموسِ اہلِ بیت اطہار وصحابہ کرام ʼʼ ریلی کو کامیاب بنانے اور پُرامن رکھنے میں ائمہ وخطبائے کرام اور علمائے کرام کا کردار مثالی تھا اور آئندہ بھی اُن سے یہی توقع ہے کہ دینی مقدّسات کی حفاظت کے بارے میں عوام کو آگہی دیں گے ۔ انہوں نے کہا: ʼʼہم نے عوامی ریلیوں کا سلسلہ اس لیے شروع کیا کہ مسلمانوں کو اپنے جذبات کے پُرامن اظہار کا موقع ملے ،اُن کا احتجاج اہلِ اقتدار کے نوٹس میں آئے اور حکومت اپنی آئینی ، قانونی اور شرعی ذمے داریاں پوری کرے ۔اگر ہم لوگوں کے جذبات کے پُرامن اظہار کاموقع نہ دیتے تو کوئی انتہاپسند طبقہ ان کے جذبات کو اشتعال دلاکر منفی مقاصد کے لیے استعمال کرسکتا تھا، جو کسی بھی صورت میں ملک وملّت کے مفاد میں نہیں ہے۔اجتماع میں مولانا ریحان امجد نعمانی ، مفتی عابد مبارک مدنی، مفتی رفیع الرحمٰن نورانی، علامہ لیاقت حسین اظہری، مفتی محمد الیاس رضوی اشرفی، علامہ رضوان احمد نقشبندی، علامہ اشرف گورمانی، علامہ محمد اویس نقشبندی، مفتی محمد رفیق حسنی، علامہ غلام عباس قادری، مولانا ضیاء الرحمٰن صابری ،سید عقیل انجم ، قاری عبدالقیوم محمود،مفتی زاہد سراج قادری، صاحبزادہ بلال سلیم قادری، ڈاکٹر فرید الدین قادری، مفتی محمد عبداللہ نورانی، علامہ ساجد محمود نقشبندی ودیگر علماء نے خطابات کیے ۔