گلگت بلتستان پر پاکستان کے اقدامات سے متعلق خدشات بے بنیاد ہیں

September 28, 2020

لوٹن (شہزاد علی) کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن کے کوآرڈینیٹر اور لوٹن اسلامک کلچرل سوسائٹی کے سینئر عہدیدار حاجی چوہدری محمد قربان، پی ٹی آئی لوٹن کے حاجی محمد شفاعت پوٹھی، پہلوان حاجی ملک پنوں خان، چوہدری آصف اقبال نے جنگ سے الگ الگ ٹیلیفونک بات چیت میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان پر پاکستان کے حالیہ اقدامات کے متعلق بعض لوگوں کے خدشات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی تبدیلی پاکستان کی پارلیمنٹ کی منظوری سے آئینی طور پر کی جائے گی۔ مقصد اس خطہ کے محروم لوگوں کو پاکستان کے عوام کے برابر حقوق دینا ہے ورنہ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ ایک عارضی عبوری نظام ہوگا اور کشمیری عوام کو جب بھی حق خودارادیت دیا جائے گا رائے شماری میں گلگت و بلتستان کے عوام بھی حصہ لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد رہنما ہیں جو کشمیریوں کے لیے مخلص ہو کر بین الاقوامی سطح پر سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں اور پاکستان کے عسکری ادارے کشمیر کی آزادی کے لیے ہی مختلف اقدامات کو بروئے کار لا رہے ہیں، حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ پاکستان سے الحاق ہی ہماری منزل ہے اور اگر پاکستان کی حکومت اور سیکورٹی سے متعلق ادارے یہ سمجھتے ہیں کہ بوجوہ گلگت و بلتستان کو عبوری طور پر پاکستان کا صوبہ بنا دیا جائے تو ہم اس کی بھر پور تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افواج پاکستان کبھی بھی کوئی ایسا فیصلہ نہیں کر سکتے جس سے تحریک آزادی کشمیر کو کوئی گزند پہنچے بلکہ محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان کی پی ٹی آئی حکومت گلگت و بلتستان کے باشندوں کو مساوی حقوق دینے کا تہیہ کر چکی ہے جو خوش آئند امر ہے۔ حاجی چوہدری محمد شفاعت پوٹھی جو سنٹرل ماسک لوٹن کی انتظامیہ کمیٹی کے صدر بھی ہیں اور پی ٹی آئی کشمیر کی تنظیموں کے تحلیل کیے جانے سے پہلے لوٹن برانچ کے صدر بھی تھے، نے کہا کہ وہ پاکستان آرمی کو کشمیریوں کا نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔ پہلوان حاجی ملک پنوں خان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی دونوں کی قیادت بدعنوان ہے صرف عمران خان ہی ایک دیانت دار لیڈر ہیں جو نہ صرف پاکستان کو بدعنوان اور کرپٹ لوگوں سے نجات دلانے کے لیے سرگرم عمل ہیں بلکہ آزاد کشمیر کے باشندوں اور گلگت و بلتستان اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو استصواب رائے دلانے کے لیے متحرک ہیں۔ چوہدری آصف اقبال نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی جلد انشاء اللہ پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی۔