بلجیم میں قیدیوں کو چھڑانے کیلئے ہیلی کاپٹر ہائی جیک

September 28, 2020

برسلز( نمائندہ جنگ ) بلجیم میں قیدیوں کو چھڑانے کیلئے ہیلی کاپٹر ہائی جیک کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بلجین پولیس ان 3 افراد کو سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے جنہوں نے بلجیم کے دوسرے بڑے شہر اینٹورپن کے علاقے درنے سے ایک ہیلی کاپٹر کو گن پوائنٹ پر ہائی جیک کیا تھا۔ اینٹورپن پبلک پراسیکیوٹر کے ترجمان کے مطابق ان افراد نے 36 سالہ خاتون پائلٹ کو مجبور کیا کہ وہ ہیلی کاپٹر کو برسلز کی معروف فوریسٹ جیل کے اوپر لے کر جائے، لیکن اسے وہاں لینڈ کرنے کی جگہ نہیں ملی، اس کے ساتھ ہی جیل انتظامیہ نے ایک ہیلی کاپٹر کو اوپر اڑتا دیکھ کر پولیس کو مطلع کیا لیکن پولیس ہیلی کاپٹر کی آمد سے قبل ہی ہائی جیکرز اسے لے کر براباں والونیا کے علاقے ہیلیسن چلے گئے اور فرار ہوگئے۔ ہیلی کاپٹر کی پرواز کے فوری بعد جیل انتظامیہ نے ساری سرگرمیاں معطل کرکے قیدیوں کی گنتی کی لیکن کوئی قیدی کم نہیں پایا گیا۔ یاد رہے کہ قیدیوں کو چھڑانے کیلئے بلجیم میں ہیلی کاپٹر کو ہائی جیک کرنے کا یہ دوسرا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل جولائی 2009 میں اسی طرح کے ایک واقعے کے دوران ہائی جیک شدہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بروج جیل کے ایکسرسائز یارڈ سے 3 قیدی فرار ہوگئے تھے۔