کورونا وائرس، دنیا بھر میں ہلاکتیں 10 لاکھ ہو گئیں

September 28, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں10 لاکھ ہو گئیں، غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق کورونا کیسز میں 3 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کرنے کے باوجود لندن میں لاک ڈاؤن کے خلاف 10 ہزار سے زائد شہریوں نے احتجاج کیاہے ،امریکا میں کورونا وائرس کے مزید 27ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آگئے ، ریاست نیویارک میں بھی بڑی تعداد میں نئے کیسز رپورٹ کئے گئے ہیں ، بھارت میں اتوار کے روز کورونا کے 82ہزار سے زائد نئے کیسز کے بعد کیسز کی تعداد 60لاکھ 73ہزار ہوگئی جبکہ انڈیا میں مزید ایک ہزار 40ہلاکتوں کے بعد مجموعی ہلاکتیں 95ہزار 500سے بڑھ گئیں ، فرانس میں کورونا وائرس کے مزید 11ہزار نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ برطانیہ میں بھی کورونا کے 5ہزار نئے کیسز رپورٹ کئے گئے ہیں ، دریں اثناء کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کے لیے 5 لاکھ شارک کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیاہے، رپورٹ کے مطابق کووڈ-19 کی ممکنہ ویکسین کی تیاری شارک پر منحصر ہے اور ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس سے شارک کی آبادی میں کمی آسکتی ہے۔