غیر استعمال شدہ جائیدادوں کا شفاف نیلام جاری ہے، وزیرنجکاری

September 28, 2020

اسلام آباد(نمائیدہ جنگ) وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ نجکاری کمیشن کی جانب سے وفاقی حکومت کی ملکیتی غیر استعمال شدہ جائیدادوں کا شفافیت اور کامیابی سے نیلا، عام جاری ہے، 23 جائیدادوں کی نیلامی کے بعد ملکی خزانے میں ایک ارب سے زائد کا اضافہ ہوا۔ آج پیر کو پانچ ارب روپیہ سے زائد مالیت کی ریپبلک موٹرز لمیٹڈ بلڈنگ 87 مال روڈ کی نیلامی ہوگی۔ اب تک تمام جائیدادوں کی نیلامی نہایت شفاف طریقے سے کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک مختلف شہروں میں 23 جائیدادوں کی شفاف نیلامی کے بعد ملکی خزانے میں ایک ارب سے زائد کا اضافہ ہوا، یہ آمدنی نجکاری آرڈیننس 2000 میں دیئے گئے صرف دو مخصوص مقاصد بیرونی قرضوں کی ادائیگی اور تخفیف غربت کے لئے ہی استعمال کی جا سکتی ہے۔ ریپبلک موٹرز مختص پراپرٹیز میں اپنے بہترین محل وقوع‘ کاروباری اور سرمایہ کاری مواقع کے باعث سب سے زائد اہمیت اور مالیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا امید ہے باقی جائیدادوں کی طرح اس نیلامی سے بھی ریزرو قیمت سے زیادہ کا حصول ممکن ہوگا۔ مال روڈ لاہور پر واقع یہ اکتالیس کنال بارہ مرلہ سے زائد کمرشل زمین اور بلڈنگ کاروبار اور سرمایہ کاری کا نادر موقع ہے۔ سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے نیلامی منافع بخش ثابت ہوگی اور ملک کو فائدہ ہوگا۔