اتحاد امت کا مرکزی نقطہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہے،علماء

September 28, 2020

لاہور ( وقائع نگار خصوصی)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت یونٹ گلشن راوی کے زیراہتمام ختم نبوت تربیتی اجتماع جامع مسجد اقصیٰ گلشن راوی میں ہوا۔ اجتماع میں مولانا محمداسماعیل شجاع آبادی، مولانا عبدالعزیز، مولانا عزیز الرحمن، قاری سیف الرحمن، قاری عطاء الرحمن، قاری سعید الرحمن، مولانا حبیب الرحمن ضیاء ودیگر علماء نے شرکت کی۔ مولانا محمداسماعیل شجاع آبادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت،قرآن مجید کی ایک سو آیات مبارکہ،اور دوسو دس احادیث سے ثابت ہے۔سب سے پہلا اجماع عقیدہ ختم نبوت پر ہوا۔ اتحاد امت کا مرکزی نقطہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہے۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم اطلاعات مولانا عزیزالرحمن ثانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ کرنے والے حضور ؐ کی ذات کے نگہبان اور چوکیدارہیں ۔مجلس لاہور کے ناظم تبلیغ مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ اسلام اور آئین پاکستان نے جو اقلیتوں کو حقوق دیے ہیں وہ پاکستان میں انہیں مکمل طور پر حاصل ہیں لیکن منکرین ختم نبوت آئین پاکستان کو ماننے سے انکاری ہیں۔