عمران خان سرکار ہر محاذ پر ناکام ترین حکومت ہے ،لیاقت بلوچ

September 28, 2020

لاہور ( نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے شاہدرہ لاہور میں کانفرنس اور گلبرگ میں فیض الباری کی اہلیہ اور بیٹے کی تعزیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کورونا کے بعد عامۃ الناس میں رجوع الی اللہ پیدا ہوا، لیکن عالم اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں میں فرقہ واریت کازہر انڈیل کر مذہب سے دوری کی سازش کر رہی ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بااختیار بلدیاتی نظام مالیاتی ، انتظامی خود مختاری اور ہمہ گیر آڈٹ مانیٹرنگ کے نظام کے ساتھ شہری حقوق کی بحالی کے لیے نظام آئین پاکستان کا تقاضہ ہے ۔ سیاسی جمہوری حکومتوں نے ہمیشہ عوام کو بلدیاتی حقوق اور بااختیار بلدیاتی نظام سے محروم رکھا ۔ عمران خان سرکار سیاسی ، اقتصادی ، قومی محاذ پر ناکام ترین حکومت ہے ۔ مزید برآں امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی چہروں اور پارٹیوں سے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی سے مشروط ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 147 شاد باغ زون کے ورکرز کنونشن میں کیا انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کی نااہلی اور ناکام گورننس کی وجہ سے سابق حکمران طبقہ اور پارٹیاں جنہوں نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔اور آئی ایم ایف کے قرضوں سے ملک و قوم کو گروی رکھا، چھانگا مانگا کی سیاست کو پروان چڑھایابدقسمتی سے وہ آج اپنے آپ کو جمہوریت کے ٹھیکیدار، پاک دامن اور ملک و قوم کے خیرہ بننے کا ڈرامہ رچا کر قوم کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں ۔جماعت اسلامی نظریہ پاکستان کے تحفظ کے ساتھ قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے قوم ہمارا ساتھ دے انشاء اللہ ملک کو حقیقی مدینہ کی ریاست بنائیں گے ۔