مفت مشوروں کے باوجود حکومتی کارکردگی صفر ہے‘ صادق عمرانی

September 28, 2020

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے علاقہ عمائدین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 68ترجمانوں اور مفت مشورہ دینے والے لاتعداد افراد کی موجودگی کے باوجود بھی شرح نمو کا بہتری کی جانب نہ آنا نااہلی اور ناتجربہ کاری کی انتہا ہے۔ یہ عوام دشمنی و غیر حقیقی تبدیلی عوام کے سیاسی شعور کی توہین ہے قابل احترام ہر اس فرد کی تذلیل کی جارہی ہے جو حکومت مخالف صف میں کھڑا نظر آتا ہے۔ ملک کے حقیقی سیاسی کلچر کو زبوں حالی سے دوچار کرکے ایک ایسا کلچر قوم پر مسلط کردیا گیا جہاں پگڑیاں اچھالنا باعث داد بنا دیا گیا ہے۔ ذاتی عناد کی اندھی لاٹھی سیاسی و اخلاقی اقدار کو گھائل کئے ہوئے ہیں۔ دو سالہ کارکردگی کے باوجود آئندہ تین سال قوم پر مسلط رہنے کے لئے ہر دوسرے تیسرے دن وزراء کی اکھاڑ بچھاڑ کی جاتی ہے سوائے ایک شیخ چلی کے جو اندر خبر باہر پہنچا کر اپنی سیٹ پکی کروانے کے چکروں سے باہر نہیں نکل پاتا۔ انہوں نے کہا کہ منفی طرزسیاست تبدیلی سرکار کا اپنا پیدا کردہ ہے کانٹے بو کر پھول کی امید رکھنے والے اپنے آپ کو دھوکا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ون پارٹی یا ون مین اسٹیٹ نہیں بننے دیں گے یہ ملک کسی فرد واحد کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ یہ 22 کروڑ عوام کے حق حاکمیت اور اسلام کی سربلندی کیلئے بنایا گیا ہے جس کی سالمیت و استحکام کیلئے ہر فرد قربانی کے جذبے سے لبریز ہے اور یہ بے لوث محبت و عقیدت اس کا سرمایہ حیات ہے۔ تبدیلی سرکار کو اس حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے ہر اس عمل سے اجتناب کرنا ہوگا جس سے عوام میں بددلی تقویت پکڑے اور بے چینی و بے یقینی کیفیت سے ملک کو ذرا بھر نقصان پہنچنے کا احتمال ہو۔