پولیس میں خود احتسابی کارکردگی میں بہتری کی ضامن، آر پی او

September 28, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ پولیس میں خود احتسابی کا عمل کارکردگی میں بہتری کا ضامن ہے، افسران پولیس اسٹیشنوں کے معائنہ کو با مقصد بنائیں اور اچھی شہرت کے حامل ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران تھانوں میں تعینات کریں، سنگین جرائم کے واقعات میں ڈی پی اوز فوری ذاتی دلچسپی لیں اور تفتیشی افسران کو پابند کریں کہ وہ عدالتوں میں پوری تیاری کے ساتھ پیش ہوں، یہ بات انہوں نے ماہانہ کرائم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ آر پی او نے ہدایت کی کہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے قتل سمیت سنگین جرائم کے مقدمات کی تفتیش میں تاخیر نہ کی جائے، اجلاس میں سی پی او ملتان حسن رضا خان، ایس ایس پی ریجنل انویسٹی گیشن برانچ محمد معصوم،ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان،ڈی پی او خانیوال محمد علی وسیم،ڈی پی او لودھراں سید کرار حسین،ایس ایس پی آپریشنز آصف اعوان،ایس ایس پی سپیشل برانچ ظفر بزدار،ایس ایس پی انویسٹی گیشن رب نواز تلہ،چیف ٹریفک آفیسر ملتان ہما نصیب، ایس پی انویسٹی گیشن خانیوال محمد عطاء، ایس پی انویسٹی گیشن وہاڑی مطیع اللہ خان و دیگر افسران نے شرکت کی۔