ادویات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد، پی ڈی اے کی چیف جسٹس سے سوموٹو کی اپیل

September 28, 2020

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) نے حکومت کی جانب سے ادویات قیمتوں میں آٹھویں بار اضافےکے فیصلے کومسترد کرتے ہوئے چیف جسٹس سے سوموٹو اور نیب سے کارروائی کرنے کی اپیل کر دی ہے۔ پی ڈی اے کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر عبدالمنان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے سے غریب عوام صحت کی سہولیات سے مکمل محروم ہو جائیں گے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ ملازمین کیساتھ لڑائی جھگڑوں کے واقعات بڑھ جائیں گے، جن ادویات میں قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے ان میں بخار، سردرد، گلے کی خراش، فلو، پیٹ درد، آنکھ ،کان، دانت منہ کی ادویات، امراضِ قلب، شوگر کی ادویات شامل ہیں، غریب کا علاج اور زندگی عذاب ہو جائیں گے۔انہوں نے استفسار کیا کہ ادویات قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے کون مال بنا رہا ہے؟ یہ بہت بڑا سکینڈل ہ ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیا جائے ،ڈرگ کمپنیوں کیساتھ گٹھ جوڑ میں ملوث ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی، وفاقی مشیر صحت اور دیگر ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ جان بچانے والی ادویات کی آڑ میں روٹین کی بیسیوں ادویات کو مہنگا کیا گیا ایک سال کے دوران تیسری مرتبہ اور دو سالوں میں ادویات کی قیمتوں میں آٹھویں باراضافہ کیا گیا ادویات مہنگی کرنے کی بجائے مہنگی اور بلیک میں فروحت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، وفاقی مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان ادویات کی قیمتوں میں اضافہ پر ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فی الفور مستعفی ہو جائیں ، مفادات کے ٹکرائو کے قانون کے تحت شوکت خانم کے مخصوص افراد کو صوبائی اور مرکزی سطح پر صحت کے شعبے میں اعلیٰ عہدوں سے فی الفور ہٹایا جائے ۔