نوری آباد وین حادثہ، ہلاکتیں 17 ہوگئیں

September 28, 2020


نوری آباد وین حادثے کے 2 مزید زخمی انتقال کر گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی۔

حادثے میں زخمی 9 افراد زیر علاج ہیں جبکہ حادثے کا مقدمہ تھانہ نوری آباد میں درج کرلیا گیا ہے، جس میں وین ڈرائیور اور ایک نامعلوم کار ڈرائیور نامزد کیا گیا ہے۔ زخمی وین ڈرائیور زیرحراست ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز کراچی حیدر آباد نیشنل ہائی وے ایم نائن پر آگے جانے والی کار کا بونٹ نکل کر وین پر لگا، جس کے بعد وین الٹ گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی ذمہ دار گاڑی کراچی کے علاقے نیپا پل کے قریب بھی دیکھی گئی۔

حادثے کا شکار ہونے والی وین میں کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 5 افراد بھی جاں بحق ہوئے۔