PNCA میں اجرک ڈے پر ’شام موسیقی‘ کا اہتمام

September 28, 2020

پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام ’اجرک‘ کا دن منانے کے حوالے سے ایک خصوصی محفل موسیقی کا اہتمام کیا گیا۔

محفل موسیقی میں نامور گلوکار سیف سمیجو نے اپنے فن کا مظاہر ہ کیا، ’سکیچز‘ نام سے مشہور یہ بینڈ صوفی میوزک کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے، سوسائٹی میں امن محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے صوفیاء کا کلام پیش کرتا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے ڈاکٹر فوزیہ سعید نے شائقین سے فنکاروں کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ یہ فنکار ملک میں پائی جانے والی لسانی اور مسلکی نفرتوں کو ختم کرنے کے لیے میدان میں ہیں اور اپنے خوبصورت انداز اور دھنوں سے شائقین کو روشنی اور محبت سے آشنا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اجرک پاکستان کی پہچان ہے، پی این سی اے نے آج کی محفل اجرک کے دن منانے کی مناسبت سے پیش کی ہے۔

ڈاکٹر فوزیہ سعید کا کہنا تھا کہ قومیں اپنی ثقافتی ورثہ کے حوالے سے پہچانی جاتی ہیں اور اجرک ایک صدیوں پرانا فن ہے جو اب پاکستان اور خصوصاً سندھ کی پہچان بن چکا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی ثقافتی ورثہ کے تحفظ اور ترویج پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔