نمرہ خان کی شوہر سے علیحدگی ہوگئی؟

September 28, 2020

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نمرہ خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے شوہر کے ہمراہ اپنی تصاویر ڈیلیٹ کر دی ہیں۔

رواں سال لاک ڈاؤن کے دوران خاموشی سے نکاح کرنے والی معروف اداکارہ نمرہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام سے اپنے شوہر کے ہمراہ اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردی ہیں جس کے بعد مداح اداکارہ کی ازدواجی زندگی سے متعلق کئی سوال اُٹھا رہے ہیں۔

نمرہ خان کی جانب سے شوہر کے ہمراہ تصاویر ڈیلیٹ کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر کچھ ایسی خبریں بھی زیرِگردش ہیں جن میں کہا جا رہا ہے کہ نمرہ خان اور اُن کے شوہر راجہ افتخار اعظم کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے جبکہ نمرہ خان نے اس خبر کی کوئی تصدیق نہیں کی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے اُن کا کوئی پیغام سامنے آیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نمرہ خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کچھ تصاویر شیئر کی تھیں جن میں نمرہ خان شدید زخمی تھیں، تصاویر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے مداحوں کو بتایا تھا کہ وہ اپنے گھر کی سیڑھیوں سے گِر کر شدید زخمی ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے اُن کے چہرے اور سر پر متعدد چوٹیں آئی ہیں۔

اداکارہ کی زخمی حالت میں تصاویر دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ نمرہ خان سیڑھیوں سے نہیں گِری ہیں بلکہ اُن کے شوہر نے اُن پر تشدد کیا ہے۔

صارفین کے اس طرح کہنے پر نمرہ خان نے انسٹاگرام پر اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ وہ سیڑھیوں سے گِر کر ہی زخمی ہوئی ہیں اگر اُن کے شوہر اُن پر تشدد کرتے تو وہ اس طرح اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرتیں۔


اب اداکارہ کے انسٹاگرام سے اُن کے شوہر کے ہمراہ اُن کی تمام تصاویر ڈیلیٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین ایک بار پھر یہی کہہ رہے ہیں کہ گزشتہ دِنوں جو اداکارہ کی زخمی حالت میں تصاویر وائرل ہوئی تھیں اُن کے پیچھے کی وجہ سیڑھیوں سے گِرنا نہیں بلکہ شوہر کا تشدد تھا اور یہی وجہ ہے کہ اب نمرہ خان نے انسٹاگرام سے شوہر کے ساتھ تصاویر ڈیلیٹ کردی ہے۔

انسٹاگرام سے تصاویر ڈیلیٹ کرنے کے بعد نمرہ خان نے اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی جس کے کیپشن میں اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’جب چیزیں آپ کے اندر بدلی جاتی ہیں، تو آپ کے آس پاس کی چیزیں بھی بدل جاتی ہیں۔‘

اداکارہ کی یہ پوسٹ دیکھنے کے بعد صارفین نے اُن سے اُن کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے سوالات کیے تھے۔

واضح رہے کہ نمرہ خان نے رواں سال اپریل کے مہینے میں لاک ڈاؤن کے دوران لندن کے ایک پولیس آفیسر راجا افتخار اعظم سے نکاح کیا تھا۔