تُرک اداکارہ نے عاطف اسلم کا گانا گُنگنا لیا

September 28, 2020

اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حفصہ خاتون کا کردار ادا کرنے والی تُرک اداکارہ برسین عبداللّہ نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کا گانا گُنگنا لیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر تُرک اداکارہ برسین عبداللّہ کی ایک مختصر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ موسیقی کی دُنیا کے نامور گلوکار عاطف اسلم کا مشہور بھارتی گانا ’مسافر‘ کے چند سطر گُنگناتی نظر آرہی ہیں۔

برسین عبداللّہ کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اُنہیں ٹھیک سے گانا گنگنانا نہیں آرہا ہے لیکن وہ اس کے باوجود بھی اپنی خوبصورت آواز میں گانا گانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

تُرک اداکارہ کی وائرل ہوتی ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی ایک دم دنگ رہ گئے ہیں اور وہ حیران ہیں کہ اداکارہ نے اُردو زبان میں گانا کیسے گُنگنایا جبکہ کچھ صارفین نے اداکارہ کے انداز پر ’کیوٹ‘ کا کمنٹ لکھا ہے۔

واضح رہے کہ برسین عبداللّہ نے ’ارطغرل غازی‘ میں بہادر جنگجو بامسی کی اہلیہ حفصہ خاتون کا کردار ادا کیا تھا۔

تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں برسین عبداللّہ پہلے عیسائی خاتون ہیلینہ تھیں اور پھر بامسی سے شادی کے وقت اُنہوں نے اسلام قبول کرلیا تھا جس کے بعد اُن کا نام حفصہ خاتون رکھ دیا گیا تھا۔