غیر ملکی سفیر پاکستان کی خوبصورتی کے اسیر

September 28, 2020

پاکستان میں تعینات جرمنی کے نئے سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک اور برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر پاکستان کی خوبصورتی کے دیوانے ہوگئے۔

عالمی یومِ سیاحت پر پاکستان کی خوبصورت سیاحتی مقامات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے پاکستانی کی خوبصورتی کی تعریف کی اور لکھا کہ ’بلاشبہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے۔‘

قومی زبان اردو میں جاری پیغام میں جرمن سفیر نے لکھا کہ ’پاکستان نہایت ہی خوبصورت ہے! شاندار مناظر، خوبصورت فن تعمیر، قدیم ثقافت اور یہاں کے مہمان نواز لوگ۔‘

انہوں نے پاکستانیوں سے سوال کیا کہ وہ اس سوچ بچار میں ہیں کہ پاکستان کے کن مقامات کی سیر کی جائے، انہوں نے سیر کیلئے کسی اچھے مقام کی تجاویز بھی مانگیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مقبرہ شاہ رکنِ عالم، مزار لال شہباز قلندر اور شمالی علاقہ جات کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

دوسری جانب برطانوی ہائی کمشنر نے ٹیکسلا کی تصویریں شیئر کیں اور بتایا کہ عالمی یوم سیاحت پر وہ ٹیکسلا کی سیر کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ پاکستان کے ان آثار کو یونیسکو نے 1980 میں عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا تھا۔