اختلاف جمہوری اقدار کا حسن ہے‘ ڈاکٹر قبلہ ایاز

September 29, 2020

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ اختلاف جمہوری اقدار کا حسن ہے‘ جمہوریت صرف الیکشن‘ پارلیمنٹ‘ حکومت‘ نمائندے منتخب کرنے کا نام نہیں۔ جمہوری رویوں کی عدم موجودگی کے باعث جمہوریت کے ثمرات ہم تک نہیں پہنچ سکے۔ ہر فرد اپنے آپ میں رول ماڈل بننے کی کوشش کرے گا تو معاشرہ بہتری کی جانب گامزن ہوگا۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے ان خیالات کا اظہار ’’پاکستان میں جمہوری اقدار کے فروغ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا انعقاد اسلامی نظریاتی کونسل اور پیس اینڈ ایجوکیشن فائونڈیشن کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ ہمارے خطے میں علماء کرام اور دینی طبقات سے منسلک افراد کو قائدانہ مقام حاصل ہے‘ علمائے کرام پر اہم ذمہ داری ہے کہ کسی مسئلے پر لوگوں کی رہنمائی کریں‘ جمہوریت کی صحیح تعریف ہمارے ہاں موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلاف جمہوری اقدار کا حسن ہے‘ اسلوب اختلاف جمہوری ہونا ضروری ہے‘ شیعہ سنی ہونا ایک تاریخی تسلسل ہے‘ اسلوب جمہوری ہو تو اختلاف سے نفرت جنم نہیں لیتی‘ دینی مدارس اور جدید تعلیمی اداروں میں تاریخ کا علم نہ ہونے کے باعث علم کے مثبت فوائد حاصل نہیں ہو رہے۔ بھارت کا عالمی دنیا میں منفی تاثر اجاگر کرنے کا ذمہ دار نریندر مودی ہے۔ سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر حافظ اکرام الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائداعظم کے قول کے مطابق جمہوریت مسلمانوں کے خون کے اندر رچی بسی ہے۔ بیرسٹر ظفر اللہ خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت تمام فیصلے افہام و تفہیم سے کرنے کا نام ہے۔ قرآن مجید میں اہم معاملات میں مشاورت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سنیٹر انوار الحق کاکڑ‘ غلام مرتضیٰ اور دیگر مقررین نے کہا کہ ہم سب کو جموریت اور جمہوری اقدار کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔