او جی ڈی سی ایل کا ختم ہونیوالے مالی سال کے مالیاتی نتائج کا اعلان

September 29, 2020

اسلام آباد( نامہ نگار) او جی ڈی سی ایل نے جون 2020 کو ختم ہونے والے مالی سال کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیاآئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈکے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس مورخہ 28ستمبر2020کو اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں30جون 2020کو ختم ہونے والے مالی سال کے مالیاتی نتائج کی منظوری دی گئی۔نتائج کے مطابق او جی ڈی سی ایل کی اس مالی سال میں نیٹ سیلز 244.856ارب روپے رہی۔ اس مالی سال میں کمپنی کابعد از ادائیگی ٹیکس خالص منافع مبلغ100.081ارب روپے رہا۔ جبکہ اس مالی سال میں فی شیئر آمدنی 23.27روپے رہی۔علاوہ ازیں آج کے ہونے والے بورڈ کے اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 2.50روپے فی شیئر یعنی 25فیصد منافع دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ پہلے سے ادا شدہ مبلغ 4.25فی شیئر کے عبوری منافع یعنی 42.5فیصد کے علاوہ ہے۔ مذکورہ منافع کے حقدار ایسے شیئر ہولڈرز ہوں گے جن کے نام ممبران کے رجسٹر میں بدھ 21اکتوبر2020تک موجود ہوں گے۔مذکورہ مالی سال کے دوران میں او جی ڈی سی ایل نے 42.983ارب روپے ٹیکس کی مد میں جبکہ 27.626ارب روپے رائیلٹی کی مد میں قومی خزانے میں ادا کئے اور کمپنی نے ایکسپلوریشن اور ڈویلپمنٹ کی سرگرمیوں کے شعبے میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔ اس سال 25نئے کنویں کھودے گئے جبکہ گزشتہ برس ان کی تعداد 16تھی جس کے نتیجے میں تیل و گیس کے ذخائرز کی پانچ نئی دریافتیں عمل میں لائی گئیں ۔علاوہ ازیں او جی ڈی سی ایل نے سسمک اور ڈرلنگ کی سرگرمیوں میں بھی شاندار اضافہ کیا۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کی انتظامیہ کی طرف سے مالی نظم و ضبط، جدید ٹیکنالوجی کی بدولت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل میں تیزی لانے اور ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کے شعبہ میں ریکارڈ اضافہ کرنے پر انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ تیل و گیس کی ان نئی دریافتوں سے ناصرف او جی ڈی سی ایل بلکہ ملک کے ہائیڈرو کاربن ریزروز میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور قومی خزانے میں بھی تیل کی درآمد کی مد میں خاصی بچت ہوگی۔