غیرقانونی تعمیرات روکنے کیلئے بلڈنگ انسپکٹرز کے علاقے تبدیل

September 29, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) آر ڈی اے کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول میں نئے افسران آنے کے بعد غیرقانونی تعمیرات روکنے کیلئے بلڈنگ انسپکٹروں کے ایریاز تبدیل کر دیئے گئے ہیں ،بلڈنگ انسپکٹر مختار احمد کو شہر کی تمام تیرہ آرآئی ٹی سکیموں کے ساتھ ساتھ ائرپورٹ کے بائیں اطراف سے لیکر قدیر خان روڈ تا آرڈی کی بائونڈری تک کا ایریا دیا گیا ہے جس میں فضائیہ کالونی ، الشفا کوآپریٹو بھی شامل ہیں ۔بلڈنگ انسپکٹرعمران کو ائرپورٹ روڈ کے دائیں طرف سے سواں پل تک گلریز ہائوسنگ سوسائٹی ، خان ویلی کا ایریاز، انسپکٹر عاصم نواز کو ڈیفنس روڈ، مورگاہ روڈ، نیومورگاہ روڈ، بڑیں روڈ جی ٹی روڈ ، کلرسیداں اورچک بیلی خان روڈ کا ایریا دیا گیا ہے ۔بلڈنگ انسپکٹر راجہ ارسلان شوکت کے پاس اڈیالہ روڈ بائیں سائیڈ کا ایریا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلڈنگ انسپکٹروں کے بار بار ایریاز تبدیل کئے جاتے ہیں مگر اس کے باوجود غیرقانونی تعمیرات رکنے کا نام نہیں لیتیں۔