کے پی: پراسرار بیماری، سینکڑوں بکریاں ہلاک، انسانوں کو بھی خطرہ

September 29, 2020


خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان کے سرحدی علاقوں میں کورونا وائرس جیسی پراسرار بیماری سے ایک سال کے دوران سینکڑوں بکریاں ہلاک ہوچکی ہیں۔

پشاور میں موجود لیبارٹری سے اس وباء کی تصدیق ہوگئی ہے، علاقے میں بیماری انسانوں میں منتقل ہونے کا خوف بڑھ رہا ہے۔

ضلع لکی مروت کے علاقے شاہ حسن خیل اور عبدالخیل میں کورونا جیسی علامات ظاہر ہونے پر سینکڑوں بکریاں اب تک ہلاک ہو چکی ہیں۔

اہم بات یہ ہے کہ متاثرہ بکریوں کو ذبح بھی نہیں کیا جا رہا، لوگوں کے مطابق متاثرہ بکری کے خون سے انسانی جلد کو شدید نقصان پہنچنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔

اس حوالے سے اب تک محکمۂ لائیو اسٹاک یا مقامی انتظامیہ کی طرف سے بچاؤ یا علاج کے حوالے سے کچھ تجویز نہیں کیا گیا۔

مقامی لوگوں کا دار و مدار زراعت اور مال مویشی سے وابستہ ہے، اگر ہنگامی طور پر اقدامات نہ اٹھائے گئے تو نقصان میں اضافے کے علاوہ بیماری کے انسانوں اور مزید علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لینے کے خدشات مزید بڑھ جائیں گے۔