کھیل اور کھلاڑیوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے، مرتضیٰ وہاب

September 29, 2020

اسکاؤٹس آڈیٹوریم کراچی میں سجاس کے تحت سالانہ اسپورٹس جرنلسٹس اینڈ راشد صدیقی ٹیلنٹ ایوارڈز اور کھیلوں کی دنیا پر کوویڈ 19 کے اثرات کے موضوع پر منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ٹیلنٹ کی ہر سطح پر پذیرائی ایتھلیٹس کی اصل کامیابی ہے، اسپورٹس جرنلسٹس کی تنظیم سجاس کا کھلاڑیوں اور اسپورٹس جرنلسٹس کی حوصلہ افزائی کے لئے عملی اقدام اٹھانا قابل ستائش عمل ہے۔ کورونا کے بعد دنیاکی طرح پاکستان میں بھی کھیلوں کی سر گرمیوں کی بحالی خوش آئند ہے،حکومت کھلاڑیوں، آرگنائرز کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرے گی۔

قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان ،سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب سے شیلڈ لیتے ہوئے، ساتھ میں ڈاکٹر جنید علی شاہ نمایاں ہیں، دوسری جانب ماہور شہزاد اور کلثوم ہزارہ تقریب میں شریک ہیں

اس موقع پر سجاس کے پیٹرن ڈاکٹر جنید علی شاہ، صدر آصف خان اور سیکریٹری اصغر عظیم نے بیرسٹر مرتضی وہاب کو سجاس کی اعزازی ممبرشپ پیش کی،سابق کپتان معین خان نے کہا کہ کورونا سے دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہے تاہم اب مرحلہ وار زندگی کا معمول کی جانب لوٹنا خوش آئند ہے۔ تقریب سےسابق وزیر کھیل سندھ ڈاکٹر جنید علی شاہ،سابق ممبر گورننگ بورڈ پروفیسر اعجاز احمد فاروقی، فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی سینئر صحافیوں رشاد محمود، اصغر عظیم،منصور علی بیگ،محمود ریاض،زبیر نذیر خان، ریاض الدین،وحید خان سمیت سجاس کے صدر آصف خان نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر جونیئر کی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سات ایتھلیٹس عامرعلی (کرکٹر انڈر 19) ،معاذ خان(وشو), مریم رفیق(جوڈو), آمنہ غیاث(کپتان فٹبال ٹیم انڈر 12)،شاہ زیب خان(کپتان کراچی ہاکی ٹیم)، اعظم خان(کرکٹر) اور عافف علی(تائی کوانڈو) کو راشد صدیقی ٹیلنٹ ایوارڈز سے نوازا گیا۔

فرسٹ حب جیب ریلی ویمن ڈرائیور تشنہ پٹیل،پاکستان نمبر ون بیڈ منٹن کھلاڑی ماحور شہزاد، ناصر عبداللہ،سیف الرحمن اور کرکٹ انسائیکلوپیڈیا سہیل خان سجاس اسپیشل ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے، کراٹے کوئن کلثوم ہزارہ سجاس گولڈ میڈل جبکہ سینئر اسپورٹس جرنلسٹ و اینکر پرسن وحید خان کو ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر ایم اے شاہ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

اس کے علاوہ آصف عظیم، احمد علی راجپوت، سید محفوظ الحق ،کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سابق انٹرنیشنل ہاکی پیلئر حیدر حسین کو بہترین اسپورٹس آرگنائزر جبکہ بے شمار کھلاڑیوں کو کامیابیوں کی معراج پر پہچانے والے ایتھلیٹ کوچ محمد طالب کو ان کی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس موقع پر عبدالغفار، مجاہد سولنگی، محسن مہدی، رشاد محمود، منصور علی بیگ۔بہترین سینئر رپورٹر الیکٹرانک میڈیا فیضان لاکھانی،طارق اسلم، عمید وسیم، محمد اوسامہ، ارشاد علی، شاہ زیب علی بھٹو اور آصف خان کو ایوارڈ دئیے گئے۔ ( نصر اقبال)