سشانت سنگھ کی آخری رسومات کی ویڈیو نے انکتا لوکھنڈے کو توڑ دیا

September 30, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کو تین ماہ سے زیادہ کا وقت گزر گیا ہے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور فیملی اور ان کے فینز کو آج بھی یہ امید ہے کہ جلد ہی اس معاملے کا سچ سب کے سامنے آجائے گا۔ اس درمیان سوشل میڈیا پر ان کے مداح، سشانت کے قریبی کچھ نہ کچھ شیئر کرکے انہیں یاد کرتے رہتے ہیں۔ اب اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جسے دیکھ کر آپ کی آنکھوں سے آنسو نکل آئیں گے۔ اس ویڈیو نے سشانت کی سابق گرل فرینڈ اداکارہ انکتا لوکھنڈے کو پھر سے توڑ دیا۔ یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد انکتا نے صارفین پر خوب غصہ کیا اور سوشل میڈیا پر سے ویڈیو کو ہٹانے کے ساتھ ہی آگے اس طرح کی ویڈیو پوسٹ نہ کرنے کو کہا ہے۔ ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے صارف نے لکھا ہے، میں اس ویڈیوکو شیئر نہیں کرنا چاہتا تھا لیکن اس وجہ سے شیئر کیا کہ اگر کبھی بولی وڈ فلموں کو دیکھنے کا خیال بھی دل میں آئے تو اس چہرے کو یاد کرنا۔ اس ویڈیو پر صارف نے سشانت کی بہن اور ان کی سابق گرل فرینڈ انکتا لوکھنڈے کو ٹیگ کیا ہے۔صارف کے ویڈیو کو دیکھنے کے بعد انکتا لوکھنڈے غصے سے بھڑک اٹھیں۔ انہوں نے اس کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کیا ہوگیا ہے تم کو؟ ایسے ویڈیوز کو شیئر کرنا بند کرو۔ ہم سب کیلئے یہ دیکھنا بہت مشکل ہے۔