چوکوں چھکوں کی برسات، قومی ٹی 20 کا میلہ آج سے سجے گا

September 30, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چوکوں ،چھکوں کی برسات لیےقومی ٹی ٹوئنٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ بدھ سے ملتان میں شروع ہورہا ہے۔ 33 میچوں کا ٹورنامنٹ دو مرحلوں میں کھیلا جائے گا۔ تیس ستمبر سے 6اکتوبر تک جاری رہنے والے پہلے مرحلے کے تمام میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 9 سے 18 اکتوبر تک راولپنڈی میں ہوگا۔ پاکستان دنیا کا وہ پہلا ملک ہے جس نے کورونا وائرس کے باوجود اپنے ڈومیسٹک سیزن کے مکمل شیڈول کا اعلان کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوویڈ19 سے متعلق تمام پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کا اعلان کیا ہے ۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز بند دروازوں میں کھیلے جائیں گے۔ پی سی بی نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کو ڈبل لیگ کی بنیاد پر کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایونٹ میں تقریباً 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ ایونٹ جیتنے والی ٹیم چمچماتی ٹرافی کے ساتھ ساتھ 50 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہرے گی جبکہ رنرزاپ کو 25 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، وکٹ کیپر، بیٹسمین اور بولر کو ایک ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق، قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس، ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ گرانٹ بریڈ برن اور ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈولپمنٹثقلین مشتاق نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ خیبرپختونخوا کے خلاف ایونٹ کا افتتاحی میچ کھیلنے والی ناردرن کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ایونٹ میں ہر روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ سہ پہر 3 اور دوسرا شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔دفاعی چیمپئنناردرن کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ عماد وسیم کی عدم موجودگی میں اِس ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز ہے۔ گزشتہ سال ایونٹ کی فائنلسٹ ٹیم بلوچستان کے کپتان حارث سہیل کا کہنا ہے کہ وہ اس مرتبہ رنرزاپ ٹیم کی بجائے فاتح کہلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ سندھ کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم میں ایسے کھلاڑی ہیں جو یکطرفہ طور پر میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ جارحانہ حکمت عملی ہی ہماری ٹیم کی پہچان اور اسی سوچ کے ساتھ ہم ٹورنامنٹ میں شرکت کررہے ہیں ۔