پاکستان کیلئے اس سال ٹیسٹ کیلئے بنگلہ دیش کی میزبانی مشکل

September 30, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو بتایا ہے کہ اس سال مصروفیات کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان ٹیسٹ میچ کاامکان نہیں ہے۔ کورونا وائرس کے باعث اپریل میں کراچی میں ہونے والا شیڈول ٹیسٹ میچ ملتوی کر دیا گیا تھا ۔ بنگلہ دیش ٹیم نے ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے کے لیے اپریل میں کراچی آنا ہے۔ ‏آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا ایک ٹیسٹ فروری میں کھیلا گیا تھا ‏۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانٹیم کی مصروفیات کے باعث ٹیسٹ میچ ممکن نہیں ۔ میچ اگلے سال ری شیڈول کیا جا سکتا ہے ۔ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز ، پی ایس ایل فائیو کے باقی میچز اور دورہ نیوزی لینڈ کے علاوہ جنوبی افریقاکے خلاف ہوم سیریز ، پی ایس ایل 6 ، دورہ جنوبی افریقا اور زمبابوے بھی پاکستان ٹیم کی مصروفیات میں شامل ‏ ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئندہ سال تین ون ڈے میچز کھیلنے کے لیئے انگلینڈ بھی جانا ہے ۔ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کئی ممالک کی سیریز مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ایک برس کے لیے مزید آگے بڑھ سکتی ہے۔